اسلام آباد میں عید الاضحی کے موقع پرسکیورٹی صورتحال پر غور کیلئے اجلاس
اسلام آباد:ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کی زیر صدارت عید الاضحی کی آمد کے سلسلہ میں اہم سکیورٹی اجلاس ہوا ، ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور ایک جامع لائحہ عمل ترتیب دیا جائے، مساجد اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لئے جامع لائحہ عمل بنایا جائے ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے سلسلہ میں اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے اور ان سے مکمل کوارڈی نیشن رکھی جائے، مارکیٹوں ،شاپنگ سنٹروں پر کورونا کے سلسلہ میں احتیاطی تدابیر کے متعلق ایس اوپیز پر عمل درآمد کروانا ہے اور اس سلسلہ میں تمام افسران مارکیٹ کمیٹیز سے بھی میٹنگز کریں ،کسی صورت بھی سکیورٹی انتظامات میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ، تمام ڈویژن اور افسران آپس میں مکمل کوارڈی نیشن رکھیں گے اور پہلے کی طرح اس سال بھی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔