پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں:ایرانی سفیر،عزیربلوچ کے حوالے خدشات مسترد
اسلام آباد:ایران کے سفیرسید محمد علی حسینی نے دہشتگرد عزیر بلوچ اور اس کے ایرانی انٹیلی جنس کی مشکوک درخواست کے حوالے کہا ہے کہ ایران کی علاقائی سطح پر کوششوں کے روشن ریکارڈ سے بخوبی واضح ہوتا ہے کہ ایران نے ہمیشہ علاقائی سلامتی کے قیام برقراری اور ضمانت اور اس کے ساتھ ساتھ علاقائی سطح پر بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنے والے عوامل کی سرکوبی منجملہ دہشتگرد گروہوں کی بیخکنی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ تہران نے پاکستان کے ساتھ تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے احترام پر استوار کر رکھے ہیں اور دونوں ممالک کے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کا دیرینہ ریکارڈ اس بات کی واضح حکایت کرتا ہے کہ ایران پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے اور پاکستان میں بد امنی پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ جیسا کہ دونوں ممالک کی عسکری اور سیاسی قیادت کی باہمی ملاقاتوں اور گفتگو میں بار بار اس اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک کی مشترکہ سرحدوں اور کسی بھی سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لئے اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ اکٹھے کام کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ تہران دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ ایسی غلط فہمیوں کے فوری اور ضروری ازالے پر زور دیتا ہے جو کہ زیادہ تر تیسری قوتوں کی فریب کاریوں، بدخواہیوں اور ان کی تہران اور اسلام آباد کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر ناگواری کی بدولت پیدا ہوتی ہیں۔