Official Web

مشیرتجارت رزاق داﺅد نے بیٹے کی کمپنی کو ٹھیکہ دلوانے کیلئے وفاقی سیکرٹری تبدیل کروادیا

296
Spread the love

اسلام آباد(صدیق ساجد)مشیرتجارت عبدالرزاق داﺅد نے اپنے بیٹے کی کمپنی کو کورونا وائرس سے بچاﺅکیلئے پرسنل پروٹیکشن آلات کی برآمد کا ٹھیکہ دلوانے کی خاطر وفاقی سیکرٹری کو بھی تبدیل کروا دیا۔ذرائع کے مطابق چند دن قبل تبدیل کیے جانیوالے وفاقی سیکرٹری تجارت یوسف نسیم کھوکھر سے مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا تھا کہ وہ ان کے بیٹے کی کمپنی کو پرسنل پروٹیکشن آ لات برآمد کرنے کی سمری پر دستخط کردیں۔ تاہم سابق وفاقی سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر نے ایسا کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ اس معاملے کو پہلے وفاقی کابینہ کے سامنے رکھا جائے اور ان کی منظوری کے بعد اس حوالے سے وہ کوئی فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے جس پر مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد ناراض ہو گئے اورانہوں نے وزیراعظم عمران خان سے یہ کہہ کر یوسف نسیم کھوکھر کو تبدیل کروالیا کہ ان کی کارکردگی ٹھیک نہیں ہے اور ان کی جگہ اپنے من پسند صالح فاروقی کو نہ صرف وفاقی سیکرٹری تجارت لگوایا بلکہ ان کی قواعد و ضوابط کے برعکس گریڈ 22میں ترقی بھی کروائی۔صالح فاروقی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت مختلف اداروں کے سربراہ رہ چکے ہیں اور ان کا مشیر تجارت سے قریبی تعلق ہے۔وفاقی سیکرٹری بنتے ہی صالح فاروقی نے رزاق داﺅد کے احسان کا بدلہ ان کے بیٹے کی کمپنی کو پرسنل پروٹیکشن آلات کی برآمد کی اجازت دے کر چکایا نہ صرف سمری پر دستخط کیے بلکہ دو دن کے اندر اندر وفاقی کابینہ سے بھی اس کی منظوری حاصل کی گئی۔ذ رائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ڈھائی لاکھ سے زائد مریضوں کی حفاظت پر تعینات ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے لئے پرسنل پروٹیکشن آلات کی پہلے ہی کمی ہے مگر رزاق داﺅد کے بیٹے کی کمپنی کو نوازانے کے لئے انہیں خصوصی اجازت دلوائی گئی اور اس سارے معاملے میں نیب اور ایف آئی اے ابھی تک خاموش ہے۔جبکہ وزیراعظم عمران خان کے گڈ گورننس اور میرٹ کی بالادستی کے نعرے کی بھی نفی کی گئی ہے۔