وفاقی حکومت کا کراچی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان
کراچی:گورنر ہاو¿س میں عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کےالیکٹرک کیلئے فرنس آئل اور گیس کی سپلائی بڑھا دی ہے، کے ای کو 290 ملین مکعب فٹ گیس دی جائے گی، بن قاسم پاور پلانٹ کے تمام یونٹس کو چلایا جائے گا، کراچی میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی اور شہر کے تین چوتھائی حصے کو مسلسل بجلی فراہم کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کے الیکٹرک نجی ادارے کے پاس ہے، کراچی کے نہیں، بجلی بحران میں غلطی کس کی تھی اورغیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار کون ہے فیصلہ نیپرا کرے گا، اگر کے ای کا رویہ درست نہیں ہوا تو وفاق کے ای کو اپنی تحویل میں لے سکتا ہے۔اسدعمر کا کہنا تھا کہ کراچی کی پیک ڈیمانڈ 3500 سے 3600 میگا واٹ ہے، کراچی میں آئندہ سال 18 فیصد بجلی کا اضافہ کیا جائے گا، 2 سال کے دوران بجلی کی فراہمی میں 1300 میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیاجائےگا، کے الیکٹرک 3 سال میں 2100 میگا واٹ بجلی سسٹم میں ڈالنے کے منصوبہ پر کام کرے۔