کورونا وباء:سعودی عرب سے 14000 پاکستانیوں کو وطن واپس بھجوایا: قونصلر جنرل خالد مجید
جدہ(نورالحسن گجر سے )جدہ میں پاکستانی قونصلر جنرل جدہ خالد مجید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بین الاقوامی پروازوں کی بندش کے بعد 500 کے قریب عمرہ زائرین پیچھے رہ گئے تھے جن کو ہم نے سعودی ایئر لائنز کی خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس وطن بھیجا۔ سعودی عرب میں 34000 کے قریب پاکستانیوں نے وطن واپسی کے لیے ہمارے آن لائن سسٹم کے ذریعے اپنے آپ کو رجسٹر کیا جن کو خصوصی پروازوں کے ذریعے جدہ اور مدینہ سے 64 پروازیں تقریبا 14000 مسافروں کو واپس پاکستان لے گئیں۔کورونا کی پابندیوں کے عرصے کے دوران بہت سے پاکستانی کمیونٹی ممبران کو دفاتر کی بندش ، ملازمت سے سبکدوشی اور کسی قسم کی تجارتی سرگرمیوں کے فقدان کی وجہ سے مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خالد مجید نے مزید بتایا کہ پابندیوں میں نرمی اور کرفیو اٹھانے کے بعد ، قونصلیٹ نے سعودی حکومت کے اعلان کردہ تمام احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے معمول کے مطابق قونصلیٹ کی خدمات شروع کردی ہیں ۔