ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے ملک بھر میں آپریشن جاری
اسلام آباد:محکمہ زراعت، فوڈ سکیورٹی اور پاکستان آرمی کی مشترکہ ٹیمیں ملک کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خلاف بھرپور سروے اور کنٹرول آپریشن کر رہی ہیں۔22 اضلاع کے متاثرہ علاقوں میں 1032 مشترکہ ٹیمیں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔اب تک 40999 اسکوائر کلومیٹر (تقریباً 10.07 کروڑ ایکڑ) رقبہ پر سروے اور 10586 اسکوائر کلو میٹر (تقریباً 14۔26 لاکھ ایکڑ) پر کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔ سروے اور کنٹرول آپریشن میں 5349 افراد اور 676 گاڑیوں نے حصہ لیا۔صوبہ پنجاب میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 247785 ایکڑ پر سروے کیا گیا.صوبہ سندھ میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 98675 ایکڑ پر سروے اور 5 اضلاع (کراچی،ٹھٹھہ، تھرپارکر، بدین اور خیرپور) میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 1847 ایکڑ میں آپریشن کیا گیا۔ صوبہ خیبر پختونخواہ میں 156213 ایکڑ پر سروے کیا گیا۔ صوبہ بلوچستان میں 267312 ایکڑ پر سروے اور 16 اضلاع (،آواران، نوشکی، اوتھل، خاران، واشک، کوئٹہ، ڈیرا بگٹی، ہرنائی، جھل مگسی، قعلہ سیف اللہ، کوہلو، خیل، نصیر آباد، سبی، صوراب اور زیارت) میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 1328 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔ اِس آپریشن میں 1308 افراد (بشمول پاک فوج) اور 119 گاڑیوں نے حصہ لیا۔ اب تک صوبہ بھر میں40۔3 کروڑ ایکڑ پر سروے اور1154481 ایکڑ پر آپریشن کیا جا چکا ہے۔