سی ڈی اے میں 250 سے زائد پلاٹوں کی جعلی الاٹمنٹ کاانکشاف
طاقتور لینڈ مافیانے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا،انتظامیہ چپ
اسلام آباد :وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے ) کے طاقتور لینڈ مافیا کی جانب سے 250 سے زائد پلاٹوں کی جعلی الاٹمنٹ کے ذریعے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، گزشتہ دو سالوں میں سی ڈی اے کے شعبہ لینڈ کے موجودہ اور سابقہ افسران کی مبینہ ملی بھگت سے سیکٹر آئی ٹین ، آئی الیون ، آئی چودہ، ڈی تیرہ اور آئی بارہ میں مختلف طریقوں سے سینکڑوں پلاٹس الاٹ کئے گئے، انہی سیکٹرز کی دس کروڑ روپے مالیت کی چودہ جعلی الاٹمنٹس کے پکڑے جانے کے بعد ایک مرتبہ پھر لینڈ مافیا کے دباو¿ پر شعبہ ریونیو کے کرپٹ افسران کے ذریعے کئی سابقہ اور موجودہ افسران و اہلکاروں کو بچانے کا عمل شروع کر دیا گیا، سی ڈی اے ذرائع کے مطابق گزشتہ دو سال سے انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث شعبہ لینڈ میں قیمتی پلاٹوں کی جعلی الاٹمنٹ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جسکے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیتی 250 سے زائد پلاٹوں کو جعلی سازی سے الاٹ کر دیا گیا ، انہی جعلی الاٹمنٹس میں سے چند یوم قبل 14 پلاٹس کی جعلی الاٹمنٹ پکڑی گئی جن میں سیکٹر ڈی تیرہ ٹو کا پلاٹ 19 ، ڈی تیرہ فور ڈبل روڈ کا پلاٹ 51, سیکٹر آئی بارہ فور کے پلاٹس نمبر 815, 729, 54i اور 111i، سیکٹر آئی ٹین ون کا 269b، سیکٹر آئی بارہ ون کا 1151c، سیکٹر آئی الیون ٹو کے 1654c، 1653c، 1403،1587 اور 1660 جبکہ سیکٹر آئی الیون ون کا پلاٹ نمبر 275 شامل ہیں ، انہی ذرائع کے مطابق مذکورہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں شعبہ لینڈ و ریونیو کے سابقہ اور موجودہ افسران و اہلکار ملوث ہیں۔