اسلام آباد:بھارتی سفارتخانے کے سینئر سفارتکار کو آج دفتر خارجہ طلب کرکے قابض بھارتی فوج کی جانب سے گذشتہ روز لائن آف کنٹرولپر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور اس کے نتیجے میں چھ بے گناہ شہریوں کے زخمی ہونے پر شدیداحتجاج کیا گیا۔ قابض بھارتی افواج کی جانب سے بلااشتعال اور بلاامتیاز فائرنگ کے نتیجے میں رکھ اور کھوئی رٹہ سیکٹرز میں 57 سالہ نسیمہ بی بی زوجہ لعل محمد، 35 سالہ شبنم بی بی زوجہ محمد ظہیر، 11 سالہ ادیبہ دختر محمد ظہیر، 20 سالہ عادل حمید ولد محمد حمید، 32 سالہ پرویز ولد محمد دین اور 35 سالہ جاوید حسین والد محمد حسین شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کا تعلق کرنی، ججوٹ بہادر اور جگل پال دیہات سے ہے۔ پاکستان نے بھارت پر زوردیا کہ 2003 کے جنگ بندی سمجھوتے کا احترام کرے، تازہ ترین اور اس سے قبل ہونے والی جنگ بندی کی دانستہ خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرائے ،’ ایل اوسی ‘ اور ’ورکنگ باونڈری‘ پر امن قائم کرے۔ زوردیاگیا کہ بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے پاکستان اور بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تفویض کردہ اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔