Pakistan latest updates, breaking news, news in urdu

افغان طالبان نے ملاعمرکےبیٹےملایعقوب کوملٹری ونگ کاسربراہ بنادیا

330
Spread the love

کابل:افغان حکومت سے ممکنہ مذاکرات کے لیے افغان طالبان نے صفوں میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے سابق امیر افغان طالبان ملا محمد عمر کے بیٹے ملا محمد یعقوب کو ملٹری ونگ کا سربراہ بنا دیا ہے۔امریکی خبر رساں ادارے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے طالبان حکام نے نام نہ ظاہر کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے طالبان نے اپنی مذاکراتی ٹیم میں طاقتور شخصیات کو شامل کیا ہے۔طالبان کا کہنا ہے کہ 20 رکنی مذاکراتی ٹیم میں مزید چار ارکان کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ نئی مذاکراتی ٹیم میں ملا ہیبت اللہ کے قریبی ساتھی اور اہم رہنما عبدالحکیم کے ساتھ طالبان حکومت میں چیف جسٹس کے طور پر تعینات رہنے والے مولوی ثاقب بھی شامل ہیں۔طالبان ذرائع نے اے پی کو بتایا کہ یہ رد و بدل طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ کی نگرانی میں ہوا ہے جس کا مقصد تحریک کے فوجی اور سیاسی بازؤں پر اپنی گرفت مضبوط کرنا ہے۔افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ امریکا نے معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت فوجیوں کی تعداد کم کرنے اور پانچ فوجی اڈے خالی کرنے کے وعدے پر عمل کیا ہے۔ ہم قیدیوں کی رہائی، تشدد کم کرنے اور بین الاافغان مذاکرات پر زور دیں گےانہوں نے افغان سکیورٹی فورسز پر حملوں کی مذمت کی اور یہ بھی کہا تھا کہ طالبان نے امریکی اور نیٹو فورسز پر کوئی حملہ نہیں کیا ہے۔دوسری طرف طالبان نے امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرنے کے عمل کا خیرمقدم کیا لیکن ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکا نے افغان حکومت کی حمایت میں جن علاقوں میں جنگ نہیں ہو رہی وہاں مسلسل بمباری کی اور حملے کیے ہیں۔