مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کئے جائیں:صدرمسعود خان
اوچھے بھارتی ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری جھکنے کیلئے تیارنہیں،وفد سے گفتگو
اسلام آباد:آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے دنیا بھر خاص طور پر برطانیہ میں زیر تعلیم طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے عوامی رائے عامہ تیار کرنے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے ناجائز اور غاصبانہ قبضہ کے بارے میں عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز تر کریں۔ یہ بات انہوں نے برطانیہ میں قائم پاکستان لیڈر شپ ایسوسی ایشن آف سٹوڈنٹس اینڈ ایلومنائی (پلاسا) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد جس کی قیادت طالب علم رہنما عدیل احمد کر رہے تھے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود مقبوضہ کشمیرکے نوجوان بھارت کے آگے جھکنے کے لئے تیار نہیں اور ان کا یہ عزم ہے کہ وہ اپنا جمہوری اور جائز حق، حق خودارادیت لے کر رہیں گے اور اس جدوجہد میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ طلبہ کے وفد نے آزادکشمیر کے سرکاری شعبہ میں قائم جامعات کے وائس چانسلر ز حضرات سے ملنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔