تربت بازار میں دھماکہ، ایک شخص شہید ،7 زخمی
جنوبی وزیرستان میں کھلونا بم پھٹنے سے 4بچے زخمی ہوگئے
کوئٹہ،لدھا:بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے تربت بازار میں دھماکے سے ایک شخص شہید جب کہ 7افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے تربت بازار میں ایک دکان کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے، جس میں ایک شہری شہید ہو گیا اور 7 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں 2کی حالت تشویش ناک قرار دی جا رہی ہے۔ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ دھماکا عین بازار میں ایک آٹوز کی دکان کے سامنے ہوا، دھماکا اتنا زور دار تھا کہ دور دور تک اس کی آواز سنی گئی، قریبی عمارتوں کے شیشے بھی دھماکے سے ٹوٹ گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے ہوا، سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے، اور پورے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے، لوگوں کو جائے وقوعہ کی طرف نہیں جانے دیا جا رہا۔دھماکے کی نوعیت کے بارے پتا نہیں چل سکا ہے، بم دسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا ہے، دھماکے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں، وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیااللہ لانگو نے تربت دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے کی رپورٹ فوری طور پر طلب کر لی ہے، ان کا کہنا تھا کہ بد امنی پھیلانے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔صدر،وزیراعظم ،سپیکر، ڈیٹی سپیکرنے واقعہ پرافسو س کااظہارکیاہے۔وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے بھی تربت میں ہونیوالے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ادھرجنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا میں کھلونا نما بم پھٹنے سے 4 بچے زخمی ہوگئے۔