
چین سے ممکنہ مقابلے کیلئے پورے ایشیامیں فورسزبنارہے ہیں،امریکی وزیردفاع
نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین کے ہاتھوں مرنے والے کرنل سمیت 20 بھارتی فوجیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہمارا اہم پارٹنر ہے، لداخ پر پیپلز لبریشن آرمی کے لڑائی والے اقدام ناقابل قبول ہیں۔ وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا ہے کہ امریکا پورے ایشیا میں اپنی فورسز کو تیار کر رہا ہے اور ان کی از سر نو تعیناتی عمل میں لا رہا ہے تا کہ چین کے ساتھ ممکنہ مقابلے کے لیے تیار ہوا جا سکے۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سیکرٹری سٹیٹ کا کہنا ہے کہ امریکا نے اگلی جی 7 میٹنگ میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو مدعو کیا ہے، بھارت اور امریکا کے درمیان تعلقات نئی نہج پرچل رہے ہیں۔ ہندوستان کیساتھ مذاکرات میں مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے ساتھ ہونے والی لداخ پر لڑائی کے بعد کرنل سمیت بیس بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے بھی افسوسناک ہے، انڈو پیسفک میں ہندوستان ہمارا اہم اتحادی ہے۔دوسری طرف چین کے ساتھ کشیدگی کے درمیان امریکا کے ساتھ بھارتی بحریہ کی فوجی مشقیں شروع ہو گئی ہیں، یہ مشق جزیرہ انڈمان اور نکوبار کے قریب کی گئی جہاں بھارتی بحریہ کا مشرقی بیڑہ پہلے سے ہی تعینات ہے۔ھارتی بحریہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ مشق دراصل پیسیج ایکسرسائز کا ایک حصہ تھی جو وقتا فوقتا ایک بحریہ دوسرے ممالک کی بحریہ کے ساتھ کرتی رہتی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی جہازوں کا بیڑا یو ایس ایس نیمتز بحر ہند سے گزر رہا تھا اور اس دوران دونوں ممالک کی بحریہ نے مل کر یہ مشق کی۔ ماضی میں بھی بھارتی بحریہ جاپان اور فرانس کی بحریہ کے ساتھ ایسی ہی مشقیں کر چکی ہے۔