فرینڈلی اپوزیشن والے حکمرانوں سے زیادہ نااہل ہیں :الطاف شاہد
لندن:پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری الطاف شاہد نے کہا ہے کہ فرینڈلی اپوزیشن والے حکمرانوں سے زیادہ نااہل ہیں۔چوراحتساب سے بچائوکیلئے ایک جماعت سے دوسری جماعت میں جمپ کرجاتے ہیں،نیب نہیں نظام قصوروار ہے۔حکمران جماعت پی ٹی آئی کے ستر فیصد لوگ مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی سے آئے اورآج پھر شریک اقتدار ہیں۔تبدیلی کے نام نہاد داعی عمران خان نے لوٹوں کو پی ٹی آئی میں میں کیوں آنے دیا۔ماضی کے چورحکمرانوں کے نام نہادوفاداروں نے اب عمران خان کواپنے حصار میں لے لیا ہے ۔ متحدہ اپوزیشن کے خاموش کرداربھی حکمرانوں کے سیاسی گناہوں میں شریک ہیں،اے پی سی کاایجنڈا فوٹوسیشن کے سواکچھ نہیں۔اپنے ایک بیان میں چوہدری الطاف شاہد نے مزید کہا کہ بیچارے عوام مزید بوجھ اٹھانے اورقربانیاں دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں،چندروزبعدآنیوالی عیدقربان پرحکمرانوںکو اپنی انااوراپنے مفادات کی قربانی دیناہوگی ۔ پاکستان کی معاشی ابتری کے ہوتے ہوئے وزیراعظم ،وزرائے اعلیٰ ،وفاقی وصوبائی وزراء ،گورنرز اورسینیٹ سمیت قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ارکان کابھاری تنخواہوں کی وصولی کے ساتھ مختلف مراعات سے مستفید ہوناایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔