وفاقی محتسب عوامی شکایات پرفوری ایکشن لے رہا ہے:ایڈوائزرشاہدلطیف
منڈی بہاالدین:ایڈوائزر وفاقی محتسب اعلی گوجرانوالہ ڈویژن شاہد لطیف خان نے کہا ہے کہ محتسب اعلی کے ادارے نے مختلف محکموں سے متعلق عوامی شکایات پرفوری داد رسی کا عمل تین سال سے تسلسل سے جاری رکھا ہوا ہے جہاں محتسب اعلی کی طرف سے مقرر کردہ افسران تمام وفاقی اداروں یعنی سوئی گیس، بجلی، ٹیلیفون، ڈاک خانہ، ریلوے، نادرہ، پاسپورٹ آفس، پی آئی اے، سٹیٹ لائف انشورنس اور دیگر تمام وفاقی اداروں کے خلاف سائلین کی شکایات سنتے ہیں اور ان کا فیصلہ 25 سے 60 یوم میں کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے دفاتر میں شکایت درج کرانے کیلئے کسی قسم کی کوئی فیس نہ ہے اور نہ ہی سائل کو وکیل کی ضرورت ہوتی ہے بلکہ سائل کی شکایت براہ راست سنی جاتی ہے اور بعض اوقات فوری حل طلب شکایات کا موقع پر ہی فیصلہ کیا جاتا ہے۔ ایڈوائزر نے کہا کہ وفاقی محتسب کے افسران مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہیں لیکن کورونا وائرس COVID-19 کی وجہ سے روک دیا گیا اور دفتر بھی ایک ماہ بند رہا۔ انہوں نے کہا کہ دفتر دوبارہ 20 اپریل 2020 کو جزوی طور پر کھولا گیا اور شکایات کی سماعت بزریعہ موبائل فون کی گئی۔ اس دوران ذیادہ تر شکایات آن لائن وصول ہوئیں جبکہ دستی شکایات نسبتا کم وصول ہوئیں تاہم اب شکایت کنندگان اپنی شکایت کے فوری ازالے اور حصول انصاف کیلئے بزریعہ ڈاک یا دستی جمع کروانے کیلئے محتسب کے دفتر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ، سب آفس ، 145-144ممتاز مارکیٹ نزد نادرہ ایگزیکٹو آفس ، جی ٹی روڈ، گوجرانوالہ رجوع کر سکتے ہیں۔