سکولوں کی بندش سے طلبا ء کا مستقبل دا پر لگ گیا
آن لائن طریقہ تدریس مروجہ نظام تعلیم کا متبادل نہیں ہو سکتا،فرخ ڈار
، اسلام آباد:قائد اعظم سیکنڈری سکول سیکم 7کے پرنسپل اورمعروف ماہر تعلیم فرخ ڈار نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کی بندش سے ڈھائی کروڑ بچوں کا تعلیمی مستقبل اور لاکھوں اساتذہ کا روزگار دا پر لگ گیا ہے۔آن لائن طریقہ تدریس مروجہ نظام تعلیم کا متبادل نہیں ہو سکتا ۔سکول کھولنے میں مزید تاخیرطلبا کے لیے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنے گی۔ مہذب ممالک میں معلم کی مسلمہ اہمیت اور تعلیم کو ایک اعلی مقام حاصل ہے۔دنیا کے ایک سوپچاس ممالک ایسے بھی ہیں جہاں درس و تدریس معمول کے مطابق جاری ہے اورسکولوں کو بند کرنے کی بجائے سہولیات فراہم کی گئیں تاکہ طلبا کو تعلیم کے حصول میں کسی قسم کی رکاوٹکا سامنا نہ کرنا پڑے۔کورونا کے دوران 102 ممالک نے اپنے سکول بند کیے تھے جن میں سے پچاس ممالک میں تعلیمی عمل کا بھرپور طریقے سے دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے۔ تاہم پاکستان میں سرکاری سکولوں کو ایس او پیز کے تحت کھولنے میں درکار اربوں روپے کے فنڈز کی ضرورت کو جواز بنا کر پرائیویٹ سکولوں کو بھی جبری طور پر بند رکھا جا رہا ہے جو ایک سنگین غلطی ہے۔حکومت کو چاہیے کہ پرائیویٹ سکولوں کو ایس اوپیز پر عمل کا پابند بنا کر کے فوری طور پر کھولنے کے احکامات صادر کرے تاکہ بچوں کی تعلیم کا مزید ضیاع نہ ہو۔