Pakistan latest updates, breaking news, news in urdu

عمرہ زائرین کے پھنسے 50ملین ڈالرواپس لائے جائیں: شفیق کاشف

پاکستانی کمپنیوں کے کاغذات ترجیحی بنیادوں پر تصدیق کئے جائیں،حج آرگنائزرز

252
Spread the love

 اسلام آباد :حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی راہنما حافظ شفیق کاشف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی عمرہ زائرین کے پھنسے ہوئے50 ملین ریال واپس دلانے کے لئے فوری کردار ادا کرے، ورنہ ٹریول ٹریڈ انڈسٹری مکمل تباہ ہوجائے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کورونا وبا اور معاشی صورتحال کے باعث پہلے ہی صورتحال انتہائی مخدوش ہے، پاکستانی عمرہ زائرین کے 50 ملین ریال سعودی عرب میں پھنس جانے سے ٹریول ٹریڈ انڈسٹری کے مسائل مزید بڑھ گئے ہیں۔ یہ صنعت پہلے ہی بند ہے اور بڑی تعداد میں اس صنعت سے وابستہ افراد شدید مالی دباو کا سامنا کررہے ہیں۔ حافظ شفیق کاشف نے کہاکہ سعودی عرب نے عمرہ ویزا اور فضائی آپریشن معطل کیا تو40 ہزار سے زائد عمرہ زائرین نے ادائیگیاں کرکے ویزا حاصل کرچکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی حکومت ویزا فیس واپس کرنے کا اعلان کر تے ہوئے رقوم سعودی نجی کمپنیوں کے حوالے کرچکی ہے۔ سعودی سفارت خانوں سے تصدیق کی ضرورت باقی ہے جس کے لئے وزارت مذہبی امور کردار ادا کرے اور پاکستانی کمپنیوں کے کاغذات ترجیحی بنیادوں پر تصدیق کئے جائیں تاکہ عمرہ زائرین کو معاشی مشکلات سے نکالاجاسکے۔