بھارتی غاصبانہ قبضے کیخلاف مقبوضہ کشمیرمیں مکمل ہڑتال،مظاہرے
دکانیں،کاروباری مراکزبند،بھارتی قبضہ نہیں مانتے،حریت کانفرنس
سرینگر: بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف پوری وادی میں مکمل ہڑتال رہی، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر ہڑتال کی گئی، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں، ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ آمدورفت معطل اور سڑکوں پر ہو کا عالم ہے۔حریت کانفرنس کے سری نگر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بھارت اور پوری دنیا کے لیے واضح پیغام ہے کہ کشمیری قوم بھارت کے قبضے کو نہیں مانتے، دلی سرکار کو فوری طور پر اپنی فوج کو وادی سے باہر نکال لینا چاہیے۔واضح رہے کہ بھارت کی مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کیلئے غیر کشمیریوں کو مقبوضہ وادی میں آباد کر رہی ہے جو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔پاکستان کی جانب سے عالمی برادری کو خطے کی صورتحال کا نوٹس لینے کی متعدد مرتبہ اپیل کی گئی ہے اس کے باوجود بھارت جنوبی ایشیا کے امن کو داو پر لگانے کی راہ پر گزشتہ 73 سال سے گامزن ہے۔ مقبوضہ وادی میں ہڑتال عالمی برادری کی بھارت کے نفرت انگیز ریاستی جرائم کی جانب توجہ دلانے کی کوشش ہے۔