بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی دورکرینگے:وزیراعظم عمران
وزیراعلی بردار،شاہ فرمان اور محمودخان کی ملاقاتیں،سیاسی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں بلوچستان کی عوام کے احساس محرومی کا مکمل ادراک ہے۔ اس کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔تفصیل کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں قومی ترقیاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا گیا۔اجلاس میں بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں آمدورفت، آبی وسائل کے بہتر استعمال، زراعت، توانائی کے منصوبے، بارڈر مارکیٹوں کے قیام اور گوادر پورٹ سے مکمل طور پر استفادہ حاصل کرنے کے لئے مختلف منصوبے زیر غور آئے۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبہ بلوچستان میں مکمل امن وامان کو یقینی بنانا اور سماجی واقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان میں وسائل کے عوام کی فلاح وبہبود پر استعمال کو یکسر نظر انداز کیا گیا، جس سے صوبے کا بڑا حصہ پسماندگی کا شکار رہا اور عوام میں احساس محرومی نے جنم لیا۔نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کے دوسرے اجلاس چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل فیض حمید، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، اسد عمر، حماد اظہر، علی حیدر زیدی، عمر ایوب خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد اور وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی شرکت کی۔دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان سے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی اسلام آباد میں ملاقات کی ،۔صوبہ خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا،ادھروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کو صوبے کی سیاسی صورتحال اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعلقات پر بھی بریفنگ دی جبکہ کورونا کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات بارے بھی آگاہ کیا جبکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات اور پارٹی امور سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔