امریکی ایف15نے شامی حدود میں ایرانی مسافرطیارے کاراستہ روک لیا
تیزی سے اونچائی کم کرنے پرایرانی طیارے کے کئی مسافر زخمی
تہران:شام کی فضائی حدود میں امریکی لڑاکا ایف 15 طیارے کی جانب سے ایرانی مسافر طیارے کا راستہ روک لیا گیا،جس پر ایران براڈ کاسٹنگ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ شام میں ایرانی مسافر طیارے کا راستہ اسرائیلی طیارے نے روکا ہے، ایران براڈ کاسٹنگ کے مطابق ایرانی پائلٹ نے ٹکرائو سے بچنے کیلئے پرواز کی اونچائی تیزی سے کم کی،پرواز کی اونچائی میں تیزی سے کمی سے متعدد مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں،ایران براڈ کاسٹنگ نے طیارے کا راستہ روکنے کے عمل کو اشتعال انگیز اور خطرناک قرار دیا ہے، تہران سے بیروت جانیوالے ایرانی طیارے نے واقعے کے بعد شیڈول کے مطابق پرواز جاری رکھی۔دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق شام میں ایف 15 نے ایرانی مسافر طیارے کا معیاری ویژول انسپکشن کیا،مشرقِ وسطی میں امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ ایف 15 طیارہ روٹین کے ایئر مشن پر تھا۔جس کی جانب سے ایرانی مسافر طیارے سے 1 ہزار میٹر کا محفوظ فاصلہ رکھا گیا،طیارے کے مسافر بردار ہونے کی شناخت ہونے پر اسے راستہ دے دیا گیا، جبکہ یہ پیشہ ورانہ مداخلت بین الاقوامی معیار کے مطابق کی گئی تھی۔شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی مسافر طیارے کا راستہ ممکنہ طور پر امریکی اتحاد کے طیاروں نے روکا ہے، ایرانی طیارے نے تیزی سے اونچائی کم کی، جس کے نتیجے میں کئی مسافر زخمی بھی ہوئے۔