سی ڈی اے:کروڑوں کے واجبات اداکئے بغیرجائیدادیں ٹرانسفرکرنیکاانکشاف
ممبراسٹیٹ نے ریکارڈ ضبط کرکے انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے
اسلام آباد (اعجاز چیمہ )سی ڈی اے کے شعبہ اسٹیٹ ون میں بھی کروڑوں روپے مالیتی جائیدادوں کو سرکاری واجبات ادا کئے بنا ہی غیر قانونی طور پر ٹرانسفر کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، سیکٹر ایف الیون اور ایف ایٹ کی جائیدادوں کو غیر قانونی طور پر ٹرانسفر کرنے پر ممبر اسٹیٹ نے ریکارڈ ضبط کرتے ہوئے انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، ذمہ دار ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سی ڈی اے کے شعبہ اسٹیٹ ون میں بھی پراپرٹی مافیا نے اپنے پنجے گاڑنا شروع کر دئیے ہیں، چند یوم قبل سیکٹر ایف الیون تھری کے پلاٹ نمبر 227اور 227-aکو ایک ملین سے زائد کے سرکاری واجبات ادا کئے بنا ہی ٹرانسفر کر دیا گیا اسی طرح سیکٹر ایف ایٹ ٹو کے پلاٹ نمبر 88 کے بھی تقریبا آدھے ملین کے بقایا جات کی وصولی کے بنا ہی اس جایداد کو بھی ٹرانسفر کیا گیا جس سے مجموعی طور پر قومی خزانے کو تقریبا 2 ملین روپے پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، تاہم ممبر اسٹیٹ نوید الہی کے علم میں معاملہ آنے کے بعد انہی کی ہدایات پر ڈپٹی ڈی جی اسٹیٹ رضوان رضوی نے متعلقہ جائیدادوں کا ریکارڈ ضبط کرتے ہوئے معاملے کی انکوائری شروع کردی ہے جبکہ دیگر متعدد شکایات کی بنا پر متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر کو معطل کرتے ہوئے ڈائریکٹر کو ٹرانسفر کر دیا گیا ہے ۔