سروس سٹیشن ڈی سیل نہ ہوئے تو احتجاج کریں گے۔ اجمل بلوچ
اختیارات کے غلط استعمال پر چیف کمشنر ایکشن لیں۔ محبوب خان
اسلام آباد :آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ سیکرٹری خالد محمود چوہدری اور آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر محبوب احمد خان نے کہا ہے کہ تاجروں کے کاروبار کرونا وائرس اور لاک ڈان کی وجہ سے تباہ ہوچکے ہیں ایسے حالات میں آئی اینڈ ٹی سنٹرز کے سروس اسٹیشن سیل کرنا متعلقہ افسر کا اختیارات سے تجاوز ہے کیونکہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے لئے ان دنوں میں کوئی انتظامی مجسٹریٹ ہے ہی نہیں۔ سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے اختلافات کی وجہ سے شہر بھر کے تاجر متاثر ہو رہے ہیں جس آفیسر نے سروس اسٹیشن سیل کیے ہیں ایم سی آئی کے میئر شیخ انصر عزیز ان کو بحالی کے بعد فارغ کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف کمشنر عامر علی احمد اور ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات جانتے ہیں کہ اگر کوئی مارکیٹوں میں مسئلہ بھی ہو تو پہلے متعلقہ مارکیٹ یونین کو اعتماد میں لیا جاتا ہے لیکن میڈم نے اسلام آباد کو ملتان سمجھتے ہوئے کرونا زدہ تاجروں کے خلاف ایکشن لیا اور اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا۔ انہوں نے چیف کمشنر عامر علی احمد سے اپیل کی کہ وہ سیل شدہ سروس سٹیشن ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کریں اور جن کو رشوت دے کر اوپن کیا گیا ہے ان کی انکوائری کروائیں۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو اسلام آباد کے تاجر سخت احتجاج کریں گے۔