بھارت نے سازش کے تحت کشمیریوں پرلاک ڈائون مسلط کیا:صدرمسعودخان
لندن :صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر دنیا میں ایک اہم ایشو بن چکا ہے۔ کشمیر پچھلے 2سو سال سے اپنی آزادی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں،کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی گئی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں نومبر 1947میں ایک ماہ کے دوران 2لاکھ 37ہزار سے زاہد افراد کو بھارتی مقبوضہ فورسز نے شہید کردیا ۔ اسوقت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت زیادہ تھی تاہم اس کے بعد جموں کو ہندوں کی اکثریت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔ اسوقت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت اور بھارتی جنتا پارٹی کشمیر کو ہندوں کی اکثریت میں تبدیل کرنے کے حوالے سے سرگرم ہو چکے ہیں اور یہ ہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر سوچی سمجھی سازش کے تحت لاک ڈائون مسلط کیا گیا۔ 5اگست کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر میں کیے جانیوالے اقدامات پر بھارت کو دنیا بھر سے مذمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس میں بین الاقوامی سول سوسائٹی، انٹرنیشنل میڈیا ، تھینک ٹینک، وکلائ، قانوسازوں ، ممبران پارلیمنٹ، یوکے ممبران پارلیمنٹ نے بھارت کے خلاف آواز بلند کی ہے اور اس ضمن میں بھارت سے سوالات کیے ہیں، لیکن پچھلے تین ماہ کے دوران دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹا کر دیگر ایشو پر مرکوز کروانے کی کوششیں بھی کی گئی اور ہمیں اسی دوران کورونا وائرس جیسے خطرناک وائرس کا بھی سامنا کرنا پڑا ۔