Pakistan latest updates, breaking news, news in urdu

اے پی سی عید کے بعد،حکومت سے جان چھڑانا ضروری ہوگیا،شہباز

حکومت مکمل طورپرناکام ہوگئی،فضل الرحمنٰ کے ہمراہ پریس کانفرنس

271
Spread the love

لاہور:قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عید کے بعد متحدہ اپوزیشن کی اے پی سی بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت سے جان چھڑانا وقت کی اولین ضرورت ہے۔شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملکی صورت حال پر گفتگو کی اور اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت ان دو برسوں میں عوام کے مفاد کا خیال رکھنے، عام لوگوں کو رعایت دینے، مہنگائی سے بچانے، بے روزگاری، کاروباری حالات اور پاکستان کی معیشت، صحت عامہ سمیت ہر حوالے سے ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ ہفتوں اور مہینوں میں چینی کی قیمت آسمان سے باتیں کررہی ہے، گندم کی کٹائی کا سیزن ختم نہیں ہوا لیکن قلت کا سامنا ہے اورلوگ چکی کا مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پچھلے دنوں پیٹرول کی قلت ہوئی اور تاریخ میں سب سے زیادہ قیمت میں اضافہ ہوا، اس کے علاوہ کئی اورمعاملات پر غور کریں تو نظر آئے گا کہ ان دو برسوں میں مہنگائی آسمان پر جاچکی ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اس سے بدترین حکومت تاریخ میں نہ عوام نے پہلی دیکھی اورخدا کرے آئندہ کبھی دیکھنے میں نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ ‘مولانا فضل الرحمٰن سے اس حوالے سے گفتگو ہوئی ہے اور ہم نے طے کیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کو کیا لائحمہ عمل اپنانا چاہیے اس کے لے فی الفور رہبر کمیٹی کا اجلاس بلایا جس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہوگی۔ان کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی میں ‘جو بھی نکات طے ہوں گے اس پر عید کے بعد اے پی سی بلائی جائے گی اور اپوزیشن کی ساری جماعتیں غور و فکر کر کے اپنا مربوط پروگرام پاکستان کے عوام کے سامنے پیش کریں گے کہ یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے اور اب اس سے جان چڑھانا وقت کی اولین ضرورت ہے’۔’