Pakistan latest updates, breaking news, news in urdu

سوڈان: فائرنگ سے 60 افراد کی ہلاکت،وزیراعظم کا فوج بھیجنے کا اعلان

243
Spread the love

خرطوم:سوڈان کے مغربی علاقے دارفر میں فائرنگ کے نتیجے میں 60 افراد کے قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک نے علاقے میں تازہ دم فوجی دستے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا کہ حملہ آوروں نے مقامی مسالیت برادری کو نشانہ بنایا اور بڑے پیمانے پر لوٹ مار کرنے کے بعد گھروں کو آگ لگا دی۔اقوام متحدہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق تقریباً 500 مسلح افراد نے ہفتے کی سہ پہر دارفر کے شمال میں واقع بیدا کے علاقے ماستری میں حملہ کیا۔ وزیر اعظم عبداللہ ہمدوک نے علاقے کی خواتین کے وفد سے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ حکومت تنازع کا شکار دارفر کے علاقے میں عوام اور کاشتکاری کے سیزن کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز بھیجے گی اور ان دستوں میں پولیس اور فوج دونوں کے اہلکار شامل ہوں گے۔عینی شاہدین کے مطابق جمعہ کو مسلح افراد گاڑیوں کے ذریعے آئے اور کھیت سے کام کر کے لوٹنے والے 20 افراد کو قتل کردیا۔دارفر میں 2003 سے اقلیتی باغیوں اور حکومت افواج کے درمیان تنازع چل رہا ہے اور باغیوں کو کچلنے کے لیے جاری اس حکومتی مہم میں اب تک 3 لاکھ افراد ہلاک اور 25 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔سابق صدر عمر البشیر کے اقتدار کے خلاف احتجاج کے بعد فوج نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا جس کے بعد حالات قدرے بہتر ہو گئے تھے اور رواں سال حکومت اور 9 باغی گروپوں پر مشتمل اتحادی حکومت نے ایک امن معاہدے پر دستخط کیے تھے۔