Official Web

اراضی 600کنال:بلیوورلڈ سٹی نے دولاکھ پلاٹوں کی فائلیں بیچ دیں

شہری لٹنے لگے،انتظامیہ نے آنکھیں بند کرلیں

242
Spread the love

اسلام آباد(آن لائن) جڑواں شہروں میں ہائوسنگ سکیم کی آڑ میں ایک اورمالیاتی سکینڈل دستک دینے لگا۔صرف600کنال زمین رکھنے والی بلیوورلڈ سٹی نے جڑواں شہروں سمیت پورے پاکستان میں دو لاکھ سے زائد پلاٹوں کی فائلیں فروخت کرکے مال تجوریوں میں بھر لیا۔سوسائٹی کے پاس نہ این او سی اور نہ ہی منظور شدہ نقشہ ہے۔۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہری پرکشش بینرز اور پراپرٹی ڈیلروں کی آفرز کے باعث بلیوورلڈ سٹی میں اربوں روپے دیکر سہانے مستقبل کیلئے پلاٹ خرید چکے ہیں لیکن خوفناک حقیقت یہ ہے کہ بلیوورلڈ سٹی کے پاس نہ تو این او سی ہے اور نہ ہی منظور شدہ نقشہ ہے لیکن یہ سواں اڈے کے قریب مین جی ٹی روڈ پر ایک بڑا دفتر کھول کر گزشتہ دو برس سے لوٹا جارہا ہے اور اس وقت تک دو لاکھ سے زائد فائلیں فروخت کی جاچکی ہیں جبکہ سوسائٹی کے پاس صرف600کنال زمین ہے۔مقامی زمینداروں کی زمین پر قبضوں اور شاملات کی زمینوں کو اپنی سوسائٹی میں شامل کرنے کیلئے مسلح افراد کو سوسائٹی کے اندربٹھایا ہوا ہے۔بلیوورلڈسٹی کے قرب وجوار میں رہنے والے لوگ اس وقت خوف ودہشت کے سائے تلے زندگی بسر کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف بلیوورلڈ سٹی کے چیئرمین سعد نذیر سی ای او ندیم اعجاز اور ایم ڈی سرفراز گوندل عوام کے پیسے پر عیاشی کر رہے ہیں۔دلچسپ امر یہ ہے کہ لوٹ مار کا یہ سلسلہ دو سال سے بلاجھجھک جاری ہے جبکہ نیب،ایف آئی اے اورراولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت محکمہ اینٹی کرپشن نے جان بوجھ کر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔اس حوالے سے کچھ متاثرین نے آرمی چیف کو بھی خطوط ارسال کئے ہیں۔