سپارکو کاپی ٹی وی سے 80کروڑکی ادائیگی کامطالبہ
دس اگست تک ادائیگی نہ ہوئی توکارروائی کرینگے،پی ٹی وی کو خط
اسلام آباد:قومی خلائی ادارے سپارکونے پی ٹی وی سے (48لاکھ 54 ہزار امریکی ڈالر،( 80کروڑ 96 لاکھ 47 ہزار) پاکستانی روپے واجب الادا رقم کا مطالبہ کردیا۔10اگست تک واجبات کی فوری ادائیگی نہ ہوئی تو سپارکو پی ٹی وی کے خلاف اپنے طور پر کارروائی کا مجاز ہوگا۔سپارکو کے پی ٹی وی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 30 جون تک واجب الادا رقم 49 لاکھ امریکی ڈالر ہوچکی تھی جبکہ متعدد بار ادائیگی کی یقین دہانی کروائی گئی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔پی ٹی وی کو متنبہ کرتے ہوئے خط میں کہا گیا کہ اگر پی ٹی وی نے واجبات کی فوری ادائیگی نہیں کی تو ادارہ اپنے طور پر کارروائی کا مجاز ہوگا۔سپارکو نے واضح کیا کہ موجودہ قومی خلائی پروگرام چین سے لیے گئے قرض اور اس کی سیٹلائٹ سے متعلق خدمات سے حاصل ہونے والی رقم سے چلایا جارہا ہے اس لیے محصولات میں خلل کی صورت میں پروگرام بری طرح متاثر ہوگا۔پی ٹی وی کے کنٹرولر فائنانس، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سید جمیل حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ انہیں سپارکو کے خط کے مندرجات پرشدید حیرت ہے کیونکہ گزشتہ پاک سیٹ کو 9 کروڑ روپے ادا کیے گئے جبکہ گزشتہ برس 25 کروڑ روپے ادا کیے گئے تھے۔