Pakistan latest updates, breaking news, news in urdu

حفاظتی اقدامات کے ساتھ مناسک حج کاباقاعدہ آغاز

علامہ عبداللہ بن سلیمان میدان عرفات میں خطبہ دینگے،پہلی بارخواتین پولیس تعینات

281
Spread the love

جدہ: مناسک حج کی ادائیگی کے پہلے پڑاو منی کی خیمہ بستی تک عازمین حج کو پہنچانے کا باقاعدہ آغاز 7 اور 8 ذی الحجہ کی درمیانی شب سے شروع ہو گیا جو کل دوپہر تک جاری رہے گا۔ عازمین حج اپنی رہائش گاہوں سے ہی حج کی نیت سے احرام باندھ کر منی پہنچائے جائیں گے سعودی حکام نے مختلف مکاتب کے حجاج کی نقل و حمل کے لئے الگ الگ اوقات مختص کیے ہیں تاکہ تمام عازمین ایام حج 8ذی الحجہ کے دن منی میں اپنے خیموں میں ہی قیام کرینگے۔ وقوف عرفات حج کا رکن اعظم ہے ۔ اس رکن کی ادائیگی کیلئے عازمین حج کی روانگی کا عمل 8ذی الحجہ کی رات سے ہی شروع ہو جائے گا جو اگلے دن نماز ظہر تک مکمل ہو گا۔ عازمین حج 9 ذی الحجہ عرفات پہنچ کر نمازِ ظہر اور عصر اپنے خیموں میں ہی ادا کریں گے اور مغرب تک میدان عرفات میں وقوف کرینگے، عازمین اس دن خصوصیت سے اپنے رب کے حضور مناجات اور عبادات میں مصروف رہتے ہیں ۔ غروب آفتاب کے ساتھ ہی حجاج کرام بغیر نماز مغرب ادا کئے مزدلفہ کی طرف روانہ ہوتے ہیں اور مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشا کی نمازیں اکھٹی پڑھتے ہیں ۔ حجاج مزدلفہ کی رات کھلے آسمان کے نیچے گزارتے ہیں اور رمی جمرات کیلئے 70عدد کنکریاں چنتے ہیں۔ حجاج کرام یہاں اپنے رب کے حضور مناجات کے ساتھ سنت کے مطابق کچھ آرام بھی کرتے ہیں کیونکہ اگلے دن یعنی 10ذی الحجہ کو بھی کافی مشقت کا سامنا ہوتا ہے۔ حجاج کرام اگلے دن نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد سورج طلوع ہونے تک مناجات کرتے ہیں جسے وقوف مزدلفہ بھی کہا جاتا ہے۔ اس عمل کے بعد حجاج کرام رمی جمرات کیلئے منی کی طرف روانہ ہوتے ہیں اور منی کے دوسرے سرے پر حرم کی جانب واقع جمرات کمپلیکس میں صرف بڑے جمرے یعنی شیطان کو7 عدد کنکریاں مارتے ہیں۔ رمی جمرات کے بعد قربانی کا عمل ہوتا ہے اور قربانی مکمل ہونے کے بعد حجاج کرام حلق یا قصر کروا کر حالت احرام سے باہر آ جاتے ہیں۔ حج کا آخری فرض رکن طوافِ زیارت ہے ۔ادھرامسال میدان عرفات سے حج کا خطبہ علامہ عبداللہ بن سلیمان المنیع دیں گے- خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منظوری دیدی،العربیہ نیٹ کے مطابق مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی نے بیان جاری کرکے اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان نے امسال میدان عرفات سے حج کا خطبہ دینے کے لیے شیخ عبداللہ المنیع کے نام کی منظوری دے دی-امسال پہلی بار مکہ مکرمہ میں خاتون پولیس حاجیوں کی خدمت کرے گی۔ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خاتون پولیس مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کی خدمت کرے گی