طالبان کا عیدالاضحیٰ پرتین روزکیلئے جنگ بندی کااعلان
کابل:طالبان کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر 3 دن کے لیے جنگ بندی کے جواب میں افغان حکومت نے بھی سیز فائر کا اعلان کردیا۔خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر مذکورہ پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے 2 ماہ میں دوسری مرتبہ جنگ بندی کا اعلان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘عید الاضحیٰ کے مذہبی تہوار کے موقع پر طالبان کی جانب سے شدت پسند کارروائیاں نہیں کی جائیں گی’۔ترجمان افغان طالبان نے واضح کیا کہ جنگ بندی کا آغاز جمعے کے روز سے شروع ہوگا جو 3 روز تک نافذ العمل ہوگا۔انہوں نے جنگجوؤں کو ہدایت کی کہ وہ عید کے تین دن اور تین راتوں کے دوران ‘دشمن’ کے خلاف کارروائیوں سے گریز کریں۔