پاک چین باہمی تجارت کو بہتر کیا جا سکتا ہے:صدراسلام آبادچیمبر
آن لائن کانفرنس کاروباری تعلقات مضبوط کرنے میں مددگارہوگی
اسلام آباد :پاکستان اور چین کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کر کے دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے لہذا دونوں ممالک اس جانب خصوصی توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے پاکستان اور چین کے صوبے فوجیان کے درمیان تجارتی تعاون کو بہتر کرنے کیلئے منعقدہ ایک آن لائن کانفرنس کے نام اپنے پیغام میں کیا جس کا انعقاد فوجیان صوبے کے ڈیپارٹمنٹ آف کامرس نے گوانگ زو میں پاکستان کے قونصل جنرل اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے کیا۔ محمداحمد وحید نے کہا کہ کرونا وائرس کی صورتحال میں پاکستان اور چین کے نجی شعبوں کے مابین اس طرح کی آن لائن کانفرنسوں کا متواتر انعقاد کاروباری تعلقات کو مضبوط کرنے اور دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کیلئے کافی معاون ثابت ہو گا۔چین کے صوبہ فوجیان کے ڈیپارٹمنٹ آف کامرس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل مسٹر ہوانگ دیژی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین اسٹریٹجک پارٹنر ز ہیں اور دونوں ممالک کی قیادت اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ فوجیان باہمی تجارت کو مزید وسعت دینے کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ اس موقع پر نانان اور فو یوآن میونسپل بیورو آف کامرس، نانان اسٹون انٹرنیشنل ٹریڈ انٹرپرائزز ایسوسی ایشن اور فوجیان چیمبر آف کامرس کے مکینیکل اور الیکٹریکل ٹیکنالوجی مصنوعات کی درآمد اور برآمد کے نمائندگان نے بھی خطاب کیا اور پاکستان و چین کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔