حکومت اپوزیشن کیخلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے،چیئرمین پی اے سی
شیخوپورہ (آن لائن)چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی اور نواز لیگ کے مرکزی سینئر رہنما رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا ہے کہ قانون سازی کی راہ میں رکاوٹ اپوزیشن نہیں بلکہ وزیر اعظم کا جارحانہ طرز عمل ہے وزیر اعظم اور ان کی ٹیم گزشتہ دو سال سے اپوزیشن کو گالیاں دے رہی ہے جبکہ اپوزیشن نے دہشت گردی کے خاتمہ، کورونا وائرس کی روک تھام اور کشمیر ایشو پر حکومت کا غیر مشرو ط ساتھ دیا ہے اس تعاون کے باوجود حکومت مسلسل اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کیلئے اوچھے منفی ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے جس کیلئے نیب کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے نیب قوانین میں ترمیم نہیں اس کا خاتمہ ضروری ہے،میاں شہباز شریف سے بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمن کی ملاقاتوں سے حکومت مخالف تحریک تیز کرنے میں بڑی مدد ملے گی، عید کے بعد اے پی سی میں اپوزیشن مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ معاونین خصوصی کے استعفے حکومتی اقتدار کے ایوانوں میں دراڑیں پڑنے کی بنیاد ہے۔