اردووان کا عمران خان کوفون،دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے کاعزم
ترک صدرکا پاکستانی ہم منصب کو بھی فون،عیدکی مبارکباددی
اسلام آباد:ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم نے ترکی کے صدر کی مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں پاکستانی مؤقف کی حمایت اور ان کے تعاون پر تعریف کی۔تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کیا اور ٹیلفیونک رابطے کے دوران عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے عید کے تہوار پر عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اردوان اور عمران خان کے درمیان اہم علاقائی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ترکی کے صدر اور وزیراعظم پاکستان نے دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ترک صدر رجب طیب اردوان کی کوششوں کی تعریف کی۔ ٹیلفونک رابطے کے دوران عمران خان نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کو مدد فراہم کرنے پر ترکی سے اظہار تشکر کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے معاشی ترقی اور انسانی زندگیوں کو بچانے پر تبادلہ خیال کیا۔ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے 86 سالہ بعد آیا صوفیہ مسجد میں دوبارہ کھولنے پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو مبارکباد دی۔دونوں رہنماؤں نے ادویات کی مشترکہ تیاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے تمام باہمی معاملات پر رابطہ میں رہنے پر اتفاق کیا گیاوزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ لاکھوں پاکستانیوں نے آیا صوفیہ مسجد کے مناظر ٹی وی پر دیکھے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ترکی کی حمایت کو سراہتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں پاکستانی مؤقف کی حمایت اور تعاون کے شکر گزار ہیں۔قبل ازیں ترک صدرنے صدرمملکت عارف علوی کو بھی فون کیا عید کی مبارکباد دی۔