کراچی کے مسائل سمجھناضروری،مل بیٹھ کرطے کرناہونگے:چیئرمین این ڈی ایم اے
اسلام آباد:چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کراچی کے مسائل کے حل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشورے سے آگے چلیں گے تو سب مسائل ختم ہونگے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی گیا اور بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ کراچی کے مسائل پر میری وزیراعلیٰ سے تین جبکہ میٹنگ گورنر سندھ سے دو ملاقاتیں ہوئیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ 7 سے 9 اگست تک کراچی میں بارشوں کا امکان ہے۔ کل صبح بڑے پیمانے پر کام شروع ہو جائے گا۔ تاہم لانگ ٹرم پلاننگ کے لیے سب کو بیٹھنا ہوگا۔ مقامی کور کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وقتی طور پر فوری لوگوں کو ریلیف دیں۔لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ کراچی کے مسائل سمجھنے کی ضرورت ہے۔ مسئلے کے مستقل حل کے لیے سٹیک ہولڈرز کو مل کر بیٹھنا پڑے گا۔ ہمیں ایک ٹیم کی طرح لوگوں کو ریلیف دینا ہے۔ اس وقت ہماری کوشش ہے کہ آنے والی بارشوں میں نقصانات کو کم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے ندی نالوں پر تجاوزات بہت زیادہ ہیں۔ قانونی اور غیر قانونی تجاوزات کو دیکھنے کے بعد اگے بڑھنا ہوگا۔ نالوں کے پانی کے بہاؤ کے راستے 3 سے 4 میٹر رہ گئے ہیں۔ ایسے کام کرنے ہیں جس سے ہونے والے نقصان کم ہو سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں روزانہ 20 ہزار ٹن سولڈ ویسٹ اکھٹا ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں سولڈ ویسٹ ریونیو کا باعث اور ہمارے ہاں زحمت کا باعث بن جاتا ہے۔