Pakistan latest updates, breaking news, news in urdu

نئی دہلی:گائے کا گوشت لیجانے کاشبہ،مسلم نوجوان پرحملہ،ویڈیووائرل

222
Spread the love

نئی دہلی :بھارت میں دہلی کے نزدیک ایک نوجوان مسلمان کو ایک گروہ نے بھینس کا گوشت لے جانے کے شبہ میں تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو سماجی روابط کی ویب سائٹس پر وائرل ہوگئی۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ہریانہ کے ضلع گڑگاؤں میں جمعہ کی صبح پیش آیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک وڈیو میں ایک گروہ کی جانب سے 27 سالہ متاثرہ لڑکے کو گھسیٹتے اور لات مارتے دیکھا جاسکتا ہے جس کی شناخت لقمان کے نام سے کی گئی جبکہ ساتھ ایک بہت بڑا مجمع خاموشی سے دیکھتا رہا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ویڈیو میں ایک شخص کو جسمانی تشدد کے لیے چھوٹے ہتھوڑے کا استعمال کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا جبکہ متاثرہ لڑکے کے ساتھ کھڑا ایک پولیس اہلکار بھی دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس پی آر او سبھاش بوکن نے نیوز ادارے کو بتایا کہ ‘متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے ٹرک میں بھینس کا گوشت گڑگاؤں کے علاقے نوح سے صدر بازار لے جارہا تھا، جب وہ گڑگاؤں پہنچا تو موٹرسائیکلوں پر سوار چند لوگوں نے اس کا پیچھا کیا، اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اسے روک لیا گیا’۔انہوں نے بتایا کہ ‘بعد میں وہ متاثرہ شخص کو سوہنا کے قریب کسی اور جگہ لے گئے اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا’۔ان کا کہنا تھا کہ ایک ملزم پردیپ یادیو کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر کی شناخت ہوگئی ہے اور ان کو پکڑنے کے لیے کوششیں کی جاری ہیں۔انہوں نے  دی ہندو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘حملے کا مقصد واضح نہیں ہے تاہم اس میں گائے کے گوشت کی نقل و حمل کے بارے میں شبہ پایا جاتا ہے اور گوشت کے نمونے بھی لے لیے گئے ہیں’۔مسجد مارکیٹ کے صدر نے بتایا کہ حملہ آوروں نے مداخلت کرنے کی کوشش کرنے والوں پر بھی حملہ کیا تھا۔