ٹیکنالوجی فروغ سے عالمی بیماریوں کاخاتمہ ممکن بنایاجاسکتا ہے، مصری سفیرڈاکٹر طارق
اسلام آباد:مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق دہروگ نے جنوب میں پائیدار ترقی کے اہداف کی تکمیل کے لیے قائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن، کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی اوران کی ٹیم سے ملاقات میں پاکستان اور مصر کے درمیان سائمن سکیورٹی کے شعبے میں تعاون اورجنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں کے تدارک کے حوالے سے دوطرفہ تحقیق وتجربات سے استفادہ کرنے اوراس ضمن میں باہمی مشاورت میں مزید تیزی لانے کے لیے گہری دلچسپی کااظہارکیا ہے۔ گذشتہ روزمصر کے سفارت خانے میں ہونے والی اس ملاقات میں کامسیٹس سیکرٹریٹ کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نے معزز سفیر کے ہمراہ ڈپٹی ہیڈ آف مشن (ڈی ایچ ایم) ابراہیم سید ابراہیم اور مصری سفارت خانے کے دیگر عملے سے اپنے ہمراہ گئی ہوئی کامسیٹس ٹیم کا تعارف کرایا اور متعلقہ شعبوں میں امکانی تعاون اور بین الاقوامی اہمیت کے دیگر امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں مصر کے معززسفیر کو کامسیٹس کے جاری آپریشنز اور میکانزم کے نتیجے میں سامنے آنے والی معاشرتی واقتصادی ترقی کے مقاصد اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے عالمی سطح پر جنوبی خطے میں امن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مصر کے سفیر نے اس ملاقات میں تبادلہ خیال کے نتیجے میں سامنے آنے والی مختلف تجاویزکوقابل عمل قرار دیتے ہوئے سائبرسکیورٹی،ایس ٹی آئی اور تعلیم کے میدان میں پاکستان اور مصر کے مابین تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر درپیش چیلنجز پر قابو پانے اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی کے حصول کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی حل اور جدید طریقہ کارکو فروغ دیناچاہیے تاکہ جنوبی خطے میں بڑے پیمانے پر ترقی کے عمل کو ممکن بنایا جاسکے۔