مقبوضہ کشمیرکی آزادی تک عید کی خوشیاں نہیں مناسکتے:سردار مسعود خان
آزادی کیلئے سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیارہیں:فاروق حیدر،شہریارآفریدی
مظفر آباد (آن لائن )آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہم آزادی کی فضا میں عید منا رہے ہیں لیکن لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب ہمارے جسم کا ایک حصہ جنگ کی بھٹی میں جل رہا ہے۔ ایک ایسے ماحول میں جب مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے اور بچوں، خواتین اور جوانوں کو قربانی کے جانوروں کی طرح ذبح کیا جا رہا ہے ہم عید کی خوشیاں نہیں منا سکتے۔مظفرآباد میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم اور بدترین فسطائیت کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام جھکے ہیں اور نہ ہی ہار مانی ہے بلکہ وہ پوری جرات اور ہمت کے ساتھ بھارت کی جنگی مشین کے آگے چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ اجتماع سے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور پارلیمانی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہر یار خان آفریدی نے بھی خطاب کیا۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ہم سیاسی، سفارتی اور ابلاغی محاذ پر پوری طرح سر گرم ہیں لیکن ہمارے دین نے ہمیں یہ بھی سکھایا ہے کہ ظلم کے خاتمہ کے لئے مسلمانوں کو ہمیشہ اپنے گھوڑوں کو تیار اور شمشیر کی دھار کو تیز رکھنا چاہیے،وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جانوں ، ماں ، بہنوں کی عزت و آبرو اور اپنے گھروں اور اولاد کی قربانی دے کر حق ادا کر دیا ہے اور وہ اب ملت اسلامیہ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار خان آفریدی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی تحریک آزادی اور حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور کشمیریوں کی اس مقدس تحریک کی کامیابی کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے تیار ہے، صدر سردار مسعود خان، وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار خان آفریدی کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے ایک ریلی بھی نکالی گئی۔