Pakistan latest updates, breaking news, news in urdu

سانحہ اے پی ایس کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیںگے :چیف جسٹس پاکستان

تحقیقاتی کمیشن رپورٹ اٹارنی جنرل کوفراہم کرنیکاحکم

262
Spread the love

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس کی سماعت کرتے ہوئے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ اٹارنی جنرل کو فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی۔عدالتِ عظمیٰ نے اپنے حکم میں کہا کہ اٹارنی جنرل وفاقی حکومت سے ہدایت لے کر عدالت کو جواب دیں۔دورانِ سماعت شہدائے آرمی پبلک اسکول کے والدین عدالت میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے استدعا کی کہ عدالت سے درخواست ہے کہ ہمیں انصاف دلائے۔چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے کہا کہ آپ کے ساتھ جو ہوا بہت غلط ہوا، ایسا کسی صورت بھی نہیں ہونا چاہیے تھا، مجھے آپ سے بے انتہا ہمدردی ہے۔شہداء کے والدین نے کہا کہ ہم پاکستان میں نہیں رہ سکتے، یہاں ہمارے بچے محفوظ نہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ ایسی بات نہ کہیں، عدلیہ آپ کی محافظ ہے، جو حقائق رپورٹ میں آئے ہیں ان پر فیصلہ عدالت کو ہی کرنا ہے۔ سانحہ اے پی ایس کے ذمہ داروں کو معاف نہیں کرینگے،سپریم کورٹ آف پاکستان نے کیس کی سماعت 4 ہفتوں تک ملتوی کر دی۔