Pakistan latest updates, breaking news, news in urdu

شمالی کوریا بیلسٹک میزائل میں نصب ہونیوالے جوہری آلات بنا رہا ہے، اقوام متحدہ کاانتباہ

241
Spread the love

پیانگ یانگ: اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا نے ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل میں فٹ ہونے والے جدید جوہری آلات تیار کیے ہیںجن کی مدد سے ہدف کو بآسانی تباہ کیا جا سکتا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی پابندیوں کی نگرانی کرنے والے ماہرین کے ایک آزاد پینل کی خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا پچھلے 6 ایٹمی تجربوں کی مدد سے چھوٹے جوہری آلات تیار کرنے میں کامیاب ہوگیا جسے وہ بیلسٹک میزائل کے وار ہیڈز میں فٹ کریں گے۔اقوام متحدہ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے ستمبر 2017 کے بعد سے ایٹمی تجربہ نہیں کیا لیکن جوہری تجربات پر عائد پابندیوں کے باوجود خفیہ طور پر جوہری میزائل و آلات کی تیاری جاری رکھی۔ اقوام متحدہ کے ماہرین کی یہ عبوری رپورٹ سلامتی کونسل کی شمالی کوریا کی پابندیوں سے متعلق 15 رکنی کمیٹی کے پاس جمع کرادی گئی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ سے متعلق سلامتی کونسل کی متعلقہ کمیٹی کا موقف کا جاننے کے لیے رابطہ کیا تاہم اقوام متحدہ کی جانب سے اس معاملے پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا۔یہ پہلا موقع نہیں جب ماہرین نے خبردار کیا ہو کہ شمالی کوریا ایٹمی وار ہیڈ بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے، 2017 میں امریکہ کے ایک انٹلیجنس جائزے میں بھی یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ اسی طرح 2019 میں جاپانی حکومت کے دفاعی وائٹ پیپر میں بھی ایسا ہی انکشاف کیا گیا تھا۔