کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی پہلوانوں انعام بٹ نے چاندی اور عنایت اللہ نے کانسی کا تمغہ جیت لیا
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی پہلوانوں انعام بٹ نے چاندی اور عنایت اللہ نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے فیصلہ کن معرکے میں بھارت کے دیپک پونیا نے پاکستانی ریسلر انعام بٹ کو 85 کلوگرام فری سٹائل کیٹگری میں صفر کے مقابلے میں 3 پوائنٹس سے ہراکر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
گوجرانوالہ کے پہلوان انعام بٹ نے 86 کلو گرام فری سٹائل کیٹگری میں آسٹریلیا کے جیڈن لارنس کو شکست دیکر فائنل فور میں جگہ بنائی، سیمی فائنل میں انہوں نے جنوبی افریقہ کے ایڈورڈ لیسنگ کو شکست دیکر فیصلہ کن معرکے میں رسائی حاصل کی تھی۔قبل ازیں انعام بٹ نے سکاٹ لینڈ کے پہلوان کو شکست دیکر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، انعام پہلوان نے گیارہ پوائنٹ سے کشتی جیتی۔کانسی کے تمغے کے مقابلے میں پاکستان کے عنایت اللہ نے 65 کلوگرام کی فری سٹائل کیٹگری میں سکاٹ لینڈ کے ریسلرراس کوٹیلی کو دس صفر شکست سے دوچار کیا۔
قبل ازیں عنایت اللہ نے 65 کلوگرام کیٹگری میں نائیجیریا کے ریسلر اماس ڈینیئل کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تاہم انہیں فائنل فور کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔