Pakistan latest updates, breaking news, news in urdu

وزیراعظم 14 اگست کو جدید ٹیکنالوجی سے ریکارڈ کئے گئے قومی ترانے کے اجرا کا افتتاح کریں گے

34
Spread the love

اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف 14 اگست کو جدید ٹیکنالوجی سے ریکارڈ کئے گئے قومی ترانے کے اجرا کا افتتاح کریں گے۔پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید لیاقت علی خان کے بعد وزیراعظم شہبازشریف وہ دوسرے منتخب وزیراعظم بن گئے ہیں جو قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پرانتہائی منفرد انداز میں دوبارہ ریکارڈ کئے گئے قومی ترانے کے اجرا کا 14 اگست 2022 کو افتتاح کریں گے۔

قیام پاکستان کے بعد پہلی بار دسمبر1948 میں سردارعبدالرب نشتر کی سربراہی میں حکومت پاکستان کی کمیٹی نے قومی ترانے کی تیاری پر کام شروع کیاتھا۔ احمد چھاگلا کی تیار کردہ دُھن کو پہلی بار وزیراعظم لیاقت علی خان اور کمیٹی کے ارکان کے سامنے پیش کیاگیا تھا۔ قومی ترانے کے لئے قائم سٹیئیرنگ کمیٹی نے 10 اگست1950 کو اِس دُھن کی منظوری دی۔ اگست 1954 میں حفیظ جالندھری کی تحریر کردہ کمپوزیشن کو باضابطہ منظور کرلیاگیا۔ 68 سال بعد قومی ترانے کو دوبارہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دورحکومت میں اگست 2017 میں قومی ترانے کو دوبارہ ریکارڈ کرنے کا سلسلہ شروع ہوا ۔ اس مقصد کے لئے تمام ممتاز قومی اخبارات میں اشتہارات شائع کئے گئے۔ محترمہ مریم اورنگزیب نے اپریل 2022 میں وزارت اطلاعات کا قلم دان سنبھالنے کے بعد اس منصوبے کی تکمیل کا کام تیزی سے شروع کیا۔ سینیٹر (ر) جاوید جبار کی سربراہی میں سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ماتحت آڈیو، ویژیول ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ وزارت اطلاعات ونشریات سمیت مختلف اداروں، محکموں اور بڑی تعداد میں افراد کی شمولیت سے یہ قومی کاوش مکمل ہوئی۔

مسلح افواج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اشتراک عمل کے ساتھ تینوں مسلح افواج کے براس بینڈز (سازینہ) بھی اس قومی کوشش میں شامل تھے۔ اس میں 155 گلوکاروں، 48 موسیقاروں اور 6 بینڈ ماسٹرز نے شرکت کی۔ خاص بات یہ ہے کہ قومی ترانے کو نئے سازینہ کے ساتھ بہترین عکس بندی کے ساتھ ریکارڈ کیاگیا ہے اوراسے پاکستان کے تمام ثقافتی، تہذیبی اور علاقائی رنگوں کی قوس قزح بنا دیاگیا ہے ۔ اتحاد، اخوت اور علاقائی شناختوں کا پیغام دیا گیا ہے۔