Pakistan latest updates, breaking news, news in urdu

لاہور ہائی کورٹ میں مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کیلئے درخواست پر سماعت

31
Spread the love

لاہور: لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کیلئے درخواست پر سماعت کی۔

درخواست کی سماعت کے دوران مریم نواز کے وکیل کی عدم پیشی پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کہاں ہیں؟ جونیئر وکیل نے عدالت میں جواب دیا کہ امجد پرویز دوسری عدالت میں مصروف ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صرف یہی کیس ہے کیا، وکیل کو اتنا نہیں پتہ کہ کونسی عدالت میں پہلے پیش ہونا ہے۔

دوران سماعت فاضل عدالت نے نیب سے پوچھا کہ کیا مریم نواز کے پاسپورٹ دینے میں آپ کو کوئی اعتراض ہے تو پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کے روبرو بتایا کہ انہیں پاسپورٹ کی واپسی پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور نیب مریم نواز شریف کے پاسپورٹ واپس کرنے پر مخالفت نہیں کرے گی۔ نیب نے مریم نواز کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں دو صفحات پر مشتمل جواب بھی جمع کرا دیا۔

نیب کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع کروا دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کا پاسپورٹ نیب کو درکار نہیں ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا اور مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی متفرق درخواست پر سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔