ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کیلئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دے دیا
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کیلئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دے دیا۔
وزیراعظم کے زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران بنیادی اشیائے خور و نوش کی دستیابی اور ان کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی۔شہباز شریف نے وفاق اور صوبوں میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دیتے ہوئے کہا کہ منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخ لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل گوداموں، دکانوں اور منڈیوں میں آپریشن کلین اپ کریں، سیلاب، معاشی مشکلات میں پھنسے عوام سے رمضان میں جوزائد قیمت لے اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں، وزیراعظم نے وفاقی حکومت کو وزراء اعلیٰ کے ساتھ مل کر رمضان میں اشیاء کی فراوانی اور قیمتوں پر کنٹرول کا ٹاسک دے دیا۔