عمران خان سمیت دیگر رہنمائوں کے خلاف دہشت گردی کا ایک اور مقدمہ درج
اسلام آباد(وقائع نگار)توڑ پھوڑ ،کارسرکار میں مداخلت،جلائو گھیرائو،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنمائوں و کارکنان کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ،ہفتہ کو عمران خان کی عدالت پیشی کے دوران کارکنان اور پولیس کے درمیان مد بھیڑ ہوئی جس کے نتیجہ میں دو درجن کے قریب کارکنان کو گرفتار کیا گیا جبکہ دوسری جانب قیادت کے خلاف ایک اور مقدمہ بھی درج کیا گیا ،تھانہ رمنا میں درج ہونے والا مقدمہ سی ٹی ڈی کے مطابق چیک پوسٹ کو نقصان پہنچایا گیا،جوڈیشنل کمپلیکس کا مین گیٹ اور دروازے توڑے گئے،پولیس کی دوگاڑیوں ،سات موٹرز سائیکل،سرکاری پستول،اینٹی رائٹس کٹس چوری کا بھی الزام ہے ،مقدمہ میں سابق رکن اسمبلی امجد خان نیازی،شبلی فراز ،فرخ حبیب،اسدقیصر،فواد چوہدری،اسد عمر،فیاض الحسن چوہان،و دیگر قیادت بھی شامل ہے،اس حوالہ سے سرکاری املاک اور پولیس کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے جو وزارت داخلہ کو بھجوائی جائے گی، پی ٹی آئی مظاہرین کی جانب سے مجموعی طورپر 15 پولیس کی گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچایا گیا جس میں دو گاڑیوں اوردو موٹرسائیکلوں کو آگ لگائی گئی ہے۔پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی مظاہرین نے تھانہ لوہی بھیر کی پک اپ اور سپیشل برانچ کی بم ڈسپوزل سکوارڈ کی گاڑیوں کو آگ لگا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا جبکہ اسی طرح تھانہ مارگلہ کے دو موٹرسائیکلوں کو بھی آگ لگائی، 12 گاڑیاں جن میں دو قیدیوں کی بسوں جبکہ فیصل آباد کانسٹیبلری کی دو بسوں اور ایک چکوال پولیس کی بس کے شیشے توڑے گئے ہیں اسی طرح دیگر پولیس کی گاڑیوں پر ڈنڈوں کے وار کر کے اور پتھرا کر کے نقصان پہنچایا گیا۔